Apple App Store میں WhatsApp کی پرائیویسی کے لیبل کی تفصیلات
Apple نے حال ہی میں یہ ضروری بنایا ہے کہ App Store کے ذریعے فراہم کردہ تمام ایپس لوگوں کو یہ دکھانے کے لیے تفصیلات ظاہر کریں کہ ان کا ڈیٹا کس طرح سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ہم شفافیت کی حمایت کرتے ہیں، اسی وجہ سے ہم نے پہلے سے ہی لوگوں کو اپنے اکاؤنٹ سے وابستہ معلومات ڈاؤن لوڈ کرنے کا طریقہ فراہم کیا ہوا ہے۔ ہم بھرپور کوشش کرتے ہیں کہ WhatsApp کو اس طرز سے بنایا جائے کہ ہمارے صارفین کی پرائیویسی کا تحفظ ہو اور انہیں اس حوالے سے ہر گفتگو کے آغاز پر آگاہ کیا جائے۔
ہم نے 2016 میں اپنی ایپ میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن شامل کی، جس کا مطلب یہ ہے کہ دوستوں اور خاندان والوں کے ساتھ کالز، پیغامات، تصاویر، ویڈیوز اور صوتی نوٹس صرف مطلوبہ وصول کنندہ کے ساتھ ہی شیئر کیے جاتے ہیں؛ کوئی دوسرا ان کو پڑھ نہیں سکتا (ہم بھی نہیں)۔ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کی وجہ سے پیغامات ڈیلیوری کے بعد ہمارے سرورز پر محفوظ نہیں ہوتے، اور اپنی سروسز کی معمول کے مطابق فراہمی کے دوران ہم ان لوگوں کا ریکارڈ برقرار نہیں رکھتے جن کو آپ پیغام بھیجتے ہیں۔
عالمی مواصلات کی قابل اعتماد سروس فراہم کرنے کی خاطر ہمارے لیے کچھ معلومات حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اصولی طور پر، ہم کم سے کم زمروں سے ڈیٹا اکٹھا کرتے ہیں۔ ہم جن محدود اقسام کا ڈیٹا اکٹھا کرتے ہیں، ان معلومات تک رسائی محدود بنانے کے لیے اقدامات کیے جاتے ہیں۔ مثال کے طور پر، جب آپ اپنے بھیجے گئے پیغامات ڈیلیور کرنے میں مدد کے لیے ہمیں اپنے روابط تک رسائی فراہم کرتے ہیں تو ہم کسی کے ساتھ، بشمول Facebook کے ساتھ اس کے اپنے استعمال کے لیے، روابط کی فہرستیں شيئر نہیں کرتے۔ ہم نے اپنے امدادی مرکز، پرائیویسی پالیسی، اور سروس کی شرائط میں مزید تفصیلات فراہم کی ہوئی ہیں۔
ذیل میں ہم Apple کے App Store میں دکھائے جانے والے WhatsApp لیبل کی تفصیلات بیان کر رہے ہیں اور اس ڈیٹا کے استعمال کے بارے میں اضافی معلومات فراہم کر رہے ہیں جو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ نہیں ہے۔ یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ذیل میں کئی آئٹمز صرف آپشنل خصوصیات پر لاگو ہوتے ہیں جنہیں استعمال کرنا لوگوں کی اپنی مرضی پر منحصر ہے۔ ہم نیچے دیے گئے سبھی آئٹمز خودکار طور پر حاصل نہیں کرتے ہیں۔ ان میں سے بہت ساری آپشنل خصوصیات جیسے کہ خریداری اور پیمنٹس صرف WhatsApp پر ہی دستیاب ہیں اور دیگر اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن والی پیغام رسانی کے فراہم کنندگان یہ خصوصیات فراہم نہیں کرتے ہیں۔
- رابطے کی معلومات: جب آپ WhatsApp کے لیے سائن اپ کرتے ہیں تو ہمیں آپ کا فون نمبر موصول ہوتا ہے اور ہم اسی کے ذریعے آپ کے آلہ پر پیغامات بھیجتے ہیں۔ اگر آپ دو قدمی توثیق فعال کرنا چاہتے ہیں تو اپنا ای میل پتہ WhatsApp کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں، اگرچہ یہ ضروری نہیں ہے۔ آپ سپورٹ کیلئے WhatsApp کو ای میل بھی کر سکتے ہیں۔
- شناخت کاران: ہمارے لیے آپ کا فون نمبر ہی آپ کی WhatsApp صارف ID ہوتا ہے اور ہمیں وہ IP ایڈریس بھی معلوم ہوتا ہے جس کے ذریعے آپ کا فون WhatsApp سے منسلک ہوتا ہے۔
- کورس لوکیشن: اگرچہ ہم آپ کا قطعی مقام کبھی نہیں دیکھتے لیکن ہمیں آپ کے فون نمبر سے آپ کے IP ایڈریس اور ملک کے کوڈ کا علم ہوتا ہے۔
- روابط: آپ کیلئے اپنے دوستوں اور فیملی کو پیغام بھیجنا آسان بنانے کی خاطر، جب آپ WhatsApp کے لیے سائن اپ کرتے ہیں تو ہم آپ کے فون نمبرز تک رسائی حاصل کرنے کی درخواست کرتے ہیں تاکہ ہم دیکھ سکیں کہ ان میں سے کون سے نمبرز ہمارے سسٹم میں توثیق شدہ ہیں۔ اگر آپ ایسا کرنے کا انتخاب کرتے ہیں تو، ایپ آپ کی ایڈریس بک میں محفوظ نام دکھاتی ہے اور ہم ان میں سے کوئی بھی معلومات Facebook کے ساتھ شیئر نہیں کرتے ہیں۔ یہاں مزید جانیں۔
- استعمال کا ڈیٹا: ایک قابل اعتماد عالمی سروس کی فراہمی کی خاطر، ہمارے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ آیا خصوصیات توقع کے مطابق کام کر رہی ہیں، اگرچہ ہم اس کو گمنام انداز میں کرنے کا طریقہ آزما رہے ہیں۔ غلط استعمال کی روک تھام کے لیے ہم خودکار طور پر یا بڑی تعداد میں پیغامات بھیجنے والے اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہیں، جو کہ انتخابات کے دوران خاص طور پر اہم رہا ہے جب مخصوص گروپس بڑے پیمانے پر پیغامات بھیجنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ ان لوگوں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے جو فی الحال WhatsApp استعمال نہیں کر رہے ہیں، ہم مارکیٹنگ کمپینز بھی اسپانسر کرتے ہیں جس میں Apple کا تشہیری نیٹ ورک استعمال کرنا شامل ہے۔ ہم صارفین کو ایپ کے اندر بھی پروڈکٹ کی نئی خصوصیات اور اپ ڈیٹس کے بارے میں آگاہ اور صارف کو تعلیم فراہم کرتے ہیں۔
- تشخیص: اگر آپ کو WhatsApp استعمال کرنے میں کوئی مسئلہ پیش آئے تو ہمیں کریش لاگز موصول ہوتے ہیں تاکہ ہم بگز ٹھیک کر سکیں اور اپنی سروس کو بہتر بنا سکیں۔
اضافی آپشنز جو ہم فراہم کرتے ہیں:
- مالیاتی معلومات: ان ممالک میں جہاں آپ WhatsApp کے ذریعے پیمنٹس بھیج سکتے ہیں، ٹرانزیکشن مکمل کرنے کے لیے آپ کے کارڈ یا بینک کی معلومات درکار ہوتی ہیں۔
- خریداری: اگر آپ WhatsApp پر Facebook شاپس استعمال کرتے ہیں تو ہم آپ کی خریداری کی سرگرمیوں، جیسے کہ آپ کن پروڈکٹس کو دیکھتے اور خریدتے ہیں، کا جائزہ لے پاتے ہیں اور ان معلومات کو Facebook شاپس کے ساتھ شیئر کرتے ہیں کیونکہ شاپس Facebook کا پروڈکٹ ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ شاپس میں پروڈکٹ براؤز کرنے اور خریداری کا تجربہ دیگر Facebook پروڈکٹس پر شاپس میں آپ کو نظر آنے والی چیزوں پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔ WhatsApp پر Facebook شاپس استعمال کرنے سے پہلے، ہم آپ کو اس بارے میں آگاہ کرتے ہیں اور آپ سے رضامندی طلب کرتے ہیں۔
- صارف کا مواد: ہمیں آپ کے 'بمتعلق' کی معلومات کے علاوہ پروفائل فوٹو، گروپ کے نام، گروپ پروفائل فوٹو اور گروپ کی تفصیلات بھی موصول ہوتی ہیں۔ ہم غلط استعمال کو روکنے نیز ایسے اکاؤنٹس پر پابندی لگانے کیلئے یہ معلومات استعمال کرتے ہیں جو بچوں کا استحصال کرنے والی تصاویر شیئر کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ، اگر آپ WhatsApp کو کسی مسئلے کی اطلاع دینے کا انتخاب کرتے ہیں تو ہمیں بس وہی موصول ہوتا ہے جو آپ نے ہمیں بھیجنے کے لیے منتخب کیا ہوتا ہے۔